جے پور،19؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور گجرات کے انچارج اشوک گہلوت نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کے آبائی ریاست میں بی جے پی کو سخت ٹکر دی ہے اور اس کے ساتھ ہی بی جے پی کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔گہلوت نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ گجرات کے لوگوں کے مطابق انتخابات کے نتائج میں نہ تو بی جے پی کی جیت ہوئی ہے اور نہ ہی کانگریس کی ہار پھر بھی لوگ ہمیں (کانگریس کو)مبارکباد دے رہے ہیں۔انہوں نے گجرات انتخابات کے نتائج کے بعد بی جے پی کے جشن پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے مشن 150کی بات کرکے ہدف سے ایک بھی سیٹ کم آنے پر جشن نہ منانے کا دعوی کیا تھا، انہیں اس بارے میں سوچنا چاہئے۔راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے نئی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم گجرات کے نتائج کو شائستگی سے تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے انتخابی مہم کے دوران سخت محنت کرنے والے کانگریس کارکنان، رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گجرات کے لوگوں کی محبت اور حمایت دینے کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔